برنی سینڈرز 19

ایران جنگ جھوٹ پر مبنی ہے، اسرائیل کی انتہا پسند حکومت کی مالی معاونت بند کی جائے، امریکی سینیٹر برنی سینڈرز

واشنگٹن(نمائندہ خصوصی)امریکا کے سینیئر سینیٹر برنی سینڈرز نے واشنگٹن کی مشرقِ وسطی پالیسی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ کا بیانیہ مکمل طور پر جھوٹ پر مبنی ہے، امریکا کو چاہیے کہ وہ اسرائیل کی انتہا پسند حکومت کی مالی و عسکری معاونت فوری طور پر بند کرے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق واشنگٹن میں خطاب کرتے ہوئے امریکی سینیٹر نے انکشاف کیا کہ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو گزشتہ چالیس برسوں سے مختلف امریکی صدور کو ایران کے خلاف جنگ پر آمادہ کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں تاکہ ایران کو کمزور کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا دنیا کے چھ بڑے ممالک کے مجموعی دفاعی بجٹ سے بھی زیادہ رقم اپنی فوج پر خرچ کرتا ہے اس کے باوجود محکمہ دفاع پینٹاگون کھربوں ڈالر کے اخراجات کا حساب دینے میں ناکام رہا ہے۔ برنی سینڈرز کا کہنا تھا کہ امریکی عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ غیر ملکی جنگوں کے بجائے ملکی صحت و تعلیم پر خرچ ہونا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں