حلیم عادل شیخ 18

اڈیالہ جیل کی رپورٹ نے جیل انتظامیہ کا ڈبل اسٹینڈرڈ بے نقاب کر دیا، حلیم عادل شیخ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے اڈیالہ جیل کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی صحت سے متعلق سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بے حسی کی انتہا ہے، جیل انتظامیہ کی رپورٹ نے خود اس کے ڈبل اسٹینڈرڈ کو بے نقاب کر دیا ہے۔

حلیم عادل شیخ نے میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے اپنے وڈیو بیان میں کہا کہ ایک طرف جیل انتظامیہ ہائی کورٹ میں یہ دعویٰ کرتی رہی کہ عمران خان کو کتابیں، اخبارات اور ٹی وی چینلز کی سہولت حاصل ہے، جبکہ دوسری جانب سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں ڈاکٹر کی جانب سے ذہنی دباؤ، ملاقاتوں کی بندش اور طبیعت متاثر ہونے کا ذکر کیا گیا ہے۔ یہ تضاد کئی سنجیدہ سوالات کو جنم دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوری 2026 میں عمران خان کا بلڈ پریشر 120/80 ریکارڈ کیا گیا تھا، جبکہ یکم اگست کو 140/100 ریکارڈ ہونا تشویشناک امر ہے۔ خود جیل رپورٹ میں تسلیم کیا گیا ہے کہ عمران خان ذہنی دباؤ کا شکار ہیں، ان کی ملاقاتیں بند ہیں اور ان کی طبیعت بھی متاثر ہوئی ہے۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ملاقاتوں پر پابندی اور مسلسل تنہائی کسی بھی قیدی کی ذہنی اور جسمانی صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہے۔ پوری قوم کے مقبول ترین سیاسی رہنما کو صحت کی سہولیات اور بنیادی انسانی حقوق سے محروم رکھنا ظلم کی انتہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جس عمران خان نے شوکت خانم جیسے عالمی معیار کے ہسپتال قائم کیے، آج اسی قومی رہنما کو طبی سہولیات اور اپنے ذاتی معالجین تک رسائی سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ عمران خان کی صحت کے معاملے پر مزید غفلت یا لاپرواہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔پی ٹی آئی سندھ کے صدر نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کا فوری طور پر شوکت خانم کے ان کے ذاتی معالجین سے مکمل، شفاف اور آزادانہ طبی معائنہ کرایا جائے۔

اور انہیں شفا انٹرنیشنل یا شوکت خانم منتقل کرکے بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ عمران خان کے خاندان، وکلا، ساتھیوں اور ذاتی ڈاکٹروں کو ان سے فوری ملاقات کی اجازت دی جائے۔ عمران خان کی صحت کے حوالے سے تمام حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں، کسی بھی قسم کی پردہ پوشی قابل قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اس قوم کے رہبر اور کروڑوں پاکستانیوں کے دلوں کی دھڑکن ہیں۔ ان کے ساتھ روا رکھا جانے والا سلوک تاریخ کے سامنے جواب دہ ہوگا۔

حکومت اور جیل انتظامیہ فوری طور پر عمران خان کی صحت کے حوالے سے سنجیدہ اقدامات کریں اور انہیں تمام ضروری سہولیات فراہم کریں۔حلیم عادل شیخ نے واضح کیا کہ ہماری اصل اور واضح ڈیمانڈ عمران خان کی فوری رہائی ہے۔ انہیں مزید قید میں رکھنا قوم کے ساتھ زیادتی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ عمران خان کو صحت کاملہ عطا فرمائے اور انہیں ہر تکلیف سے نجات دے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں