سندھ ہائی کورٹ 11

اپنی نااہلی کا بوجھ عدالتوں پر نہ ڈالیں، سندھ ہائیکورٹ حکومت پر برہم

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) سندھ ہائیکورٹ نے سڑکوں کی تعمیر کے ٹھیکوں میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے دوران سندھ حکومت اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کی کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے ہیں کہ اپنی نااہلی کا بوجھ عدالتوں پر نہ ڈالیں۔ سرکاری اداروں کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا چاہیے اور اپنے معاملات کا جائزہ لینا چاہیے کہ نااہل افسران کو اہم عہدوں پر کیوں تعینات کیا گیا ہے۔

سماعت کے دوران کے ایم سی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالتی حکم امتناع کے باعث تمام کام رکا ہوا ہے، جس کی وجہ سے مختلف مسائل پیدا ہورہے ہیں۔اس پر جسٹس سلیم جیسر نے صوبائی حکومت اور کے ایم سی کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ حکومتی معاملات میں کیا کچھ ہورہا ہے، اس سے سب واقف ہیں، لیکن اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے بجائے عدالتوں کو مورد الزام ٹھہرایا جاتا ہے۔عدالت نے مزید ریمارکس دیے کہ شفافیت یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کی جانب سے خود کوئی اقدامات نہیں کیے جاتے اور بعد میں عدالتوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

سرکاری ادارے اپنی نااہلی کی ذمہ داری عدالتوں پر ڈال دیتے ہیں، حالانکہ انہیں پہلے اپنے معاملات کا جائزہ لینا چاہیے اور یہ دیکھنا چاہیے کہ نااہل افسران کو اہم عہدوں پر کیوں تعینات کیا گیا ہے۔جسٹس سلیم جیسر نے کہا کہ کام کی بندش کے ذمہ دار متعلقہ ادارے خود ہیں، جو اپنا اور عدالتوں کا قیمتی وقت ضائع کرتے ہیں۔سندھ ہائیکورٹ نے آئندہ سماعت تک ٹینڈرز اور بولیوں کے عمل پر عائد حکم امتناع برقرار رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے درخواست گزار کو جواب الجواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت 4 دسمبر تک ملتوی کردی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں