اوکاڑہ ( شیر محمد)اوکاڑا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دفتر میں حکومتِ پنجاب کے مجوزہ ایگرو پروسیسنگ پارک، اوکاڑا کے حوالے سے پنجاب فنانشل ایڈوائزری سروسز (PFAS) کی ٹیم کے ساتھ ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کی صدارت صدر اوکاڑا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، شیخ محمد احمد، اور سینئر وائس پریزیڈنٹ، اویس افضل نے کی، اور چیمبر کےمعزز ایگزیکٹیو ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس کے دوران مجوزہ ایگرو پروسیسنگ پارک کی منصوبہ بندی، اوکاڑا کی زرعی و صنعتی استعداد، سرمایہ کاری کے مواقع اور مقامی کاروباری برادری کے لیے ممکنہ فوائد پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
شرکاء نے اس منصوبے کی اہمیت پر تبادلۂ خیال کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ایگرو پروسیسنگ پارک کے قیام سے زرعی پیداوار کی ویلیو ایڈیشن، زرعی مصنوعات کی پروسیسنگ، روزگار کے مواقع اور علاقے میں صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں مدد مل سکتی ہے۔
اوکاڑا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری مقامی صنعت کاروں، تاجروں اور کاروباری برادری کی مؤثر نمائندگی اور اوکاڑا کی پائیدار معاشی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔









