اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن )علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹر خزاں 2024 کے پہلے مرحلے کے داخلے پیر( 15جولائی) سے ملک بھر میں ایک ساتھ شروع ہورہے ہیں۔اوپن یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق بی ایس(فیس ٹو فیس)، ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز کے داخلے صرف آن لائن موڈ کے تحت ہوں گے جبکہ میٹرک اور ایف اے پروگرامز کے داخلہ فارم اور پراسپکٹس اسلام آباد میں یونیورسٹی کے مین کیمپس، ملک کے مختلف شہروں میں قائم یونیورسٹی کے 54علاقائی دفاتر اورسوئفٹ سینٹرز میں 15جولائی سے دستیاب ہوں گے۔
میٹرک اور ایف اے پروگرامز میں داخلہ آن لائن اور مینول دونوں طریقوں سے لیا جاسکے گا۔داخلے کے خواہشمند طلبہ کی راہنمائی کے لئے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی ہدایات کی روشنی میں تمام علاقائی دفاتر میں سہولت مراکز کو فعال کردیا گیا ہے جہاں پر طلبہ کے معاونت کے لئے یونیورسٹی کا عملہ ہمہ وقت موجود رہے گا۔