کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ عالمی شہرت یافتہ معروف گلوکار و اداکار علی ظفر نے انکشاف کیا ہے کہ انڈسٹری میں سیاسی ماحول دیکھ کر کئی بار شوبز کو خیر باد کہنے کا سوچا ہے۔ایک انٹرویو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے علی ظفرنے شوبز کو مکمل طور پر خیرباد کہنے سے متعلق اپنے جذبات کا اظہار کیا۔علی ظفر نے کہاکہ میں اپنے کیریئر سے محبت کرتا ہوں ، مجھے پاکستان سے بے پناہ محبت اور عزت ملی ہے،
لیکن دل سے محض ایک فنکار ہوں، ایک معصوم خواہش کے ساتھ شوبز میں آیا تھا کہ صرف فن تخلیق کروں۔انہوںنے کہاکہ میری واحد خواہش یہی تھی کہ تخلیقی کام جاری رکھوں، لیکن جب اس شعبے میں سیاست شامل ہو جاتی ہے اور انسان کو متاثر کرتی ہے تو وہ انسان کو بدل کر کچھ اور بنا دیتی ہے، اسی مرحلے پر میں نے سوچا کہ شاید سب کچھ چھوڑ دینا ہی بہتر ہو۔ اداکار نے کہا کہ مشکل وقت میں میرے اہل خانہ کی حمایت ہی وہ عنصر تھا جس نے مجھے ہر آزمائش سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا۔









