کراچی 23

انٹرمیڈیٹ امتحانات،نقل کی روک تھام کےلئے سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی جاری

کراچی(رپورٹنگ آن لائن )کراچی میں جاری انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں نقل کی روک تھام کےلئے امتحانات کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں سے کی جارہی ہے ۔

تفصیل کے مطابق کراچی میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کا سلسلہ جاری ہے، جس کی نگرانی کےلئے چیئرمین انٹر بورڈ فقیر محمد لاکھو نے ضلع جنوبی کے مختلف امتحانی مراکز کا اچانک دورہ کیا۔دورے کے دوران انہوں نے امتحانی عمل، رئیل ٹائم حاضری کے نظام اور سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ چیئرمین انٹر بورڈ فقیر محمد لاکھو نے گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج (زمزمہ) اور شہید بے نظیر بھٹو گرلز کالج سمیت دیگر ماڈل امتحانی مراکز کے معائنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “نقل کرنے والے ہوشیار ہو جائیں، تمام مراکز کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں سے کی جا رہی ہے۔انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا کہ اب تک کسی بھی سینٹر سے نقل کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

فقیر محمد لاکھو نے بتایا کہ انٹر بورڈ کے مانیٹرنگ روم سے تمام امتحانی مراکز کے ساتھ مسلسل رابطہ برقرار ہے اور مجموعی صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ ہے اور اس پر سختی سے عمل درآمد کرایا جا رہا ہے تاکہ بیرونی مداخلت کو روکا جا سکے۔دورانِ دورہ کالج پرنسپلز نے چیئرمین کو بتایا کہ صبح سوا نو بجے سے ڈیڑھ گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ ہوتی ہے، تاہم کالجوں میں سولر سسٹم موجود ہونے کی وجہ سے بجلی کی فراہمی برقرار رہتی ہے اور امتحانی عمل میں کوئی خلل نہیں پڑتا۔چیئرمین انٹر بورڈ نے واضح کیا کہ امتحانی شفافیت برقرار رکھنے کے لیے مراکز کے اچانک دورے آئندہ بھی جاری رہیں گے تاکہ طلبہ کو یکساں اور منصفانہ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں