لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پاکستانی اداکار امیر گیلانی نے اپنی اہلیہ، معروف اداکارہ ماورا حسین، کو بھارتی فلم صنم تیری قسم کے میوزک البم کور سے ہٹانے کے اقدام کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے بھارتی انڈسٹری کے رویے پر سخت تنقید کی۔
پاکستانی اداکارہ ماورا حسین کو حال ہی میں ایک نئے تنازعے کا سامنا کرنا پڑا ہے، جب ان کی 2016 کی بھارتی فلم صنم تیری قسم کے البم پوسٹر سے ان کی تصویر کو ہٹا دیا گیا۔یہ قدم پاک بھارت کشیدہ تعلقات کے تناظر میں اٹھایا گیا ہے، جس میں بھارتی حکومت نے پاکستانی مواد اور فنکاروں پر مختلف سطحوں پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔
بھارتی حکومت کی جانب سے حال ہی میں ایک ایڈوائزری جاری کی گئی تھی جس میں او ٹی ٹی پلیٹ فارمز اور میوزک اسٹریمنگ سروسز کو پاکستانی مواد کو محدود کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔اس سلسلے میں ماورا حسین کی فلم کے پوسٹر سے ان کی تصویر کو ہٹایا جانا تازہ ترین مثال ہے، جس پر نہ صرف مداح بلکہ شوبز انڈسٹری کے معروف چہرے بھی سراپا احتجاج ہیں۔
اداکار امیر گیلانی، جو ماورا حسین کے شوہر ہیں، نے اس اقدام کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہاپاکستانی فنکاروں نے بھارتی انڈسٹری کے کئی معیاری پروجیکٹس میں جان ڈالی ہے، تصاویر ہٹانے سے اصل حقیقت نہیں چھپتی۔