میڈیکل کالج 31

امیر الدین میڈیکل کالج میں “ہے زندگی کا مقصد اوروں کے کام آنا “کے عنوان سے چراغِ راہ کانفرنس

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر الدین میڈیکل کالج کی کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی کے زیرِ اہتمام“ہے زندگی کا مقصد اوروں کے کام آنا”کے عنوان سے”چراغِ راہ”کانفرنس کا انعقاد جنرل ہسپتال میں کیا گیا تقریب میں ممتاز میڈیکل ٹیچرز /میڈیکل پروفیشنلز پروفیسر ڈاکٹرمحمود ایاز، پروفیسر ڈاکٹرعبدالمجید چوہدری، پروفیسر ڈاکٹر محمد ارشد چیمہ اور پروفیسر ہما ارشد چیمہ نے خصوصی طور پر شرکت کی اس موقع پر چیف آرگنائزر پروفیسر آمنہ احسن چیمہ، فیکلٹی ممبران کے ساتھ کالج کے طلبہ و طالبات بڑی تعداد میں موجود تھے۔

پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر محمد فاروق افضل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کالج کا بنیادی مقصد صرف ڈگری یافتہ معالج تیار کرنا نہیں بلکہ ایسے روشن کردار کے حامل افراد پیدا کرنا ہے جو طبی مہارت کے ساتھ خدمتِ انسانی کے جذبے سے بھی سرشار ہوں انہوں نے زور دیا کہ مریض ہماری سب سے بڑی امانت ہیں اور ان کے ساتھ خوش اخلاقی، صبر اور احترام سے پیش آ کر ان کے چہروں پر مسکراہٹ لانا ہی حقیقی طب کا جوہر ہے۔پروفیسر فاروق افضل کا کہنا تھا کہ میڈیکل ایجوکیشن اور ہیلتھ کیئر سسٹم میں حقیقی تبدیلی تبھی ممکن ہے جب ڈگری کے ساتھ ہمدردی اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کو فروغ دیا جائے۔

میڈیکل ٹیچرز نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سفید کوٹ کی حقیقی عظمت صرف تشخیص اور علاج تک محدود نہیں بلکہ انسانیت کے درد و دکھ کا مداوا بننے میں پنہاں ہے انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ عام طبیب بننے کے بجائے ایسا مسیحا بنیں جو مریض کے جسمانی و روحانی کرب کو محسوس کر سکیں بلا تفریق خدمت اور دوسروں کا سہارا بننا ہی زندگی کا اصل حاصل ہے پروفیسر آمنہ احسن چیمہ نے کہا کہ موجودہ دور میں نوجوان نسل کی اخلاقی و روحانی تربیت وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تعلیمی اداروں کو نصابی تعلیم کے ساتھ ساتھ کردار سازی پر بھی توجہ دینی چاہیے تاکہ سفید کوٹ کا وقار برقرار رہے۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے خدمتِ خلق کو اپنا نصب العین بنانے کا عزم دہرایا۔ پرنسپل پروفیسر فاروق افضل نے فیکلٹی ممبران کے ہمراہ میڈیکل ٹیچرز میں اعزازی شیلڈز تقسیم کیں اور میڈیکل طلبہ کو سرٹیفکیٹس بھی دئیے۔ اس موقع پروفیسر فرح شفیع، پروفیسر طیبہ گل ملک، پروفیسر محمد شاہد، پروفیسر عاطف شہزاد، پروفیسر عالیہ بشیر، پروفیسر شندانہ طارق، ڈاکٹر شائستہ مبین، ڈاکٹر سائرہ ذیشان، ڈاکٹرمحمد الیاس، ڈاکٹر عبدالعزیز و دیگر بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں