فریدہ جلال

امیتابھ نے جیا کے بہت نخرے برادشت کیے، فریدہ جلال

ممبئی (رپورٹنگ آن لائن) بالی ووڈ کی مشہور سینئر اداکارہ فریدہ جلال نے امیتابھ و جیا بچن کے ماضی کا بہترین قصہ سنا ڈالا۔سینئر اداکارہ فریدہ جلال نے حال ہی میں ایک نجی پوڈ کاسٹ میں شرکت کی اور کھل کر اپنی نجی و پروفیشنل زندگی کے حوالے سے گفتگو کی۔دورانِ انٹرویو ان سے سوال پوچھا گیا کہ آپ کو رات کو جیا اور امیتابھ بچن ہوٹل کیوں لے جاتے تھے؟ سوال کے جواب میں فریدہ جلال نے مسکراتے ہوئے کہا کہ یہ اس وقت کی بات ہے جب یہ دونوں ایک دوسرے کو ڈیٹ کر رہے تھے اور ان کی شادی ہونے والی تھی، ایسے میں جب بھی جیا امیتابھ سے ناراض ہوتیں تو وہ انہیں تاج ہوٹل میں چائے پلانے لے جاتے تھے۔

اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے فریدہ جلال نے یہ بھی کہا کہ میں کار کی پچھلی سیٹ پر بیٹھی سب منظر دیکھ رہی ہوتی تھی کہ امیتابھ کیسے جیا کے ناز نخرے برداشت کرتے اور انہیں منانے کی بھرپور کوشش کرتے۔ اور رہی بات مجھے ساتھ لے جانے کی تو میں ہمیشہ ان سے کہتی تھی کہ رات کے 11 یا 12 بجے آپ کیساتھ میں کیا کروں گی اور آپ کیساتھ تو میں کباب میں ہڈی ہی لگوں گی۔