لاہور( رپورٹنگ آن لائن)امریکہ اور ایران میں ثالثی کا کردار پاکستان بننے کے بعد سب سے بڑی کامیابی ہے،ملکی قیادت نے سفارتی سطح پر اپنا لوہا منوایا ہے، دنیا آج پاکستان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔پیپلز پارٹی مفاہمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے،کسی بھی پارٹی سے تعلق رکھنے والے میرے لیے قابل احترام ہیں۔
ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے گورنر ہاؤس لاہور میں سابق ممبر قومی اسمبلی سردار ذوالفقاردُلہ کی قیادت میں ضلع چکوال کی 25 یونین کونسلز کے سابق چیئرمینوں سمیت دیگر سے ملاقات کے دوران کیا۔گورنر پنجاب سردارسلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے امریکہ اور ایران جنگ بندی کروانے پر پوری دنیا میں عزت دی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ امریکہ اور ایران میں ثالثی کا کردار قیام پاکستان کے بعد ملک کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستانی قیادت اور اس کی ٹیم نے سفارتی سطح پر پوری دنیامیں پاکستان کا وقار بلند کیا ہے۔اُنہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالٰی پاکستان کو امریکہ اور ایران کی ثالثی میں سرخرو کرے۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے مزیدکہا کہ اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے، لیکن قومی مفاد کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پیج پر ہونا چاہیئے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کا ایجنڈا صرف اور صرف ملکی تعمیر و ترقی اور معاشی طور پر پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنا ہونا چاہیئے۔
اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایسا ملک بنانا ہے جس میں قانون کی بالادستی و حکمرانی ہو اور کسی بھی شہری کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔گورنر پنجاب نے کہا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے بلاتفریق لوگوں کے لیے کھول رکھے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ کسی بھی پارٹی سے تعلق رکھنے والے میرے لیے قابل احترام ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اللہ تعالٰی اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد اپنی پارٹی قیادت کا شکرگزار ہوں جنہوں نے مجھے گورنر پنجاب کے عہدے سے نوازا۔اُنہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت ہمیشہ اپنے محنتی ورکرز کوآگے لاتی ہے۔ملاقات میں 25 یونین کونسلز کے چیئرمین، ممبران صوبائی اسمبلی کے علاوہ ڈویژنل صدر اشعر حیات خان، ضلعی صدر راجہ رضوان، راجہ عباس اور دیگر موجود تھے۔









