امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری 13

امت مسلمہ کو حسینی کردار اپنانے کی ضرورت ہے ‘ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ یومِ عاشور اور محرم الحرام ہمیں حق، صبر، استقامت اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا عظیم درس دیتے ہیں،حضرت امام حسین اور ان کے جانثار ساتھیوں کی لازوال قربانی قیامت تک انسانیت کے لیے مشعلِ راہ رہے گی اور یہ پیغام دیتی ہے کہ باطل کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو، اہلِ حق کو دینِ حق پر ثابت قدم رہنا چاہیے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ واقعہ کربلا صرف ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ ظلم، جبر اور ناانصافی کے خلاف جدوجہد کی ایک روشن مثال ہے۔ حضرت امام حسین نے اپنے اہل و عیال اور جانثار ساتھیوں سمیت عظیم قربانی پیش کرکے امت مسلمہ کو یہ سبق دیا کہ حق اور سچائی کی خاطر ہر قربانی دی جا سکتی ہے مگر باطل قوتوں کے سامنے سر نہیں جھکایا جا سکتا۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ آج امت مسلمہ کو حسینی کردار اپنانے اور حسینیت پر قائم رہتے ہوئے اپنے دور کے یزیدی کرداروں اور ظلم و ناانصافی کے خلاف کلمہ حق بلند کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں دنیا بھر میں کفری قوتیں مسلمانوں کے خلاف مختلف محاذوں پر متحد نظر آتی ہیں، ایسے حالات میں امت مسلمہ کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے اندر موجود اختلافات، تعصبات اور انتشار کو ختم کرکے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرے۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام بالخصوص یوم عاشور کے موقع پر امن و امان کے قیام، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ تمام مکاتب فکر، علما، مشائخ اور عوام الناس کی ذمہ داری ہے کہ وہ مذہبی رواداری، تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کریں اور ایسے تمام اقدامات سے گریز کریں جو معاشرے میں انتشار یا بدامنی کا باعث بن سکتے ہوں۔

امیر جماعت اسلامی پنجاب نے حکومت، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ وہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کریں ۔ اگر امت مسلمہ حضرت امام حسین کی تعلیمات، ایثار، صبر اور حق پر ثابت قدمی کے جذبے کو اپنی زندگیوں میں اختیار کر لے تو مسلمان ایک بار پھر دنیا میں عزت، وقار اور سربلندی حاصل کر سکتے ہیں۔ یوم عاشور ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ حق کی سربلندی اور باطل کے خاتمے کے لیے قربانی، اتحاد اور استقامت ہی کامیابی کا راستہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں