پیپلزپارٹی

الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد سلیکٹڈ کو الیکشن اور سلیکشن کا فرق معلوم ہو گیا ہوگا،پیپلزپارٹی

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماﺅں نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے بعد کٹھ پتلی راج کی تسلی ہو گئی ہوگی،سپریم کورٹ کی رائے انگریزی میں تھی حکومت نے ناسمجھی میں اسے اپنی فتح قرار دیا ،اب سلیکٹڈ کو الیکشن اور سلیکشن کا فرق معلوم ہو گیا ہوگا،

الیکشن کمیشن نے کٹھ پتلی حکمران اتحاد کے فرار کا آخری راستہ بھی بند کر دیا ،سپریم کورٹ کی رائے کی من مانی تشریح کرنے والے اب منہ چھپا کر روئیں گے،الیکشن کمیشن کے فیصلے سے جمہوریت کی جیت اور کٹھ پتلی راج کو شکست ہوئی ہے ،یوسف رضا گیلانی کی جیت قوم کیلئے ہائبرڈ نظام سے نجات کا راستہ فراہم کرے گی۔

منگل کوالیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے سینیٹ الیکشن پرانے طریقہ کار کے تحت کرانے کے اعلان پر اپنے ردعمل میں پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ امید کرتے ہیں کہ الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے بعد کٹھ پتلی راج کی تسلی ہو گئی ہوگی،سپریم کورٹ کی رائے انگریزی میں تھی حکومت نے ناسمجھی میں اسے اپنی فتح قرار دیا ،اب سلیکٹڈ کو الیکشن اور سلیکشن کا فرق معلوم ہو گیا ہوگا ۔

سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ عمران خان کے افلاطونوں کو اگر اب بھی سمجھ نہیں آئی تو کوئی ٹیوٹر رکھ لیں،عمران خان کو اپنی شکست یقینی نظر آ رہی ہے اس لئے انتخابات سے بھاگتے پھر رہے ہیں۔پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے کٹھ پتلی حکمران اتحاد کے فرار کا آخری راستہ بھی بند کر دیا ،سپریم کورٹ کی رائے کی من مانی تشریح کرنے والے اب منہ چھپا کر روئیں گے،عمران خان سلیکٹڈ ہیں اس لئے سینیٹ میں الیکشن کی جگہ سلیکشن چاہتے تھے ، سپریم کورٹ سے نامراد لوٹنے کے بعد الیکشن کمیشن کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی گئی ۔

سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا کہ الیکشن کمیشن پر دباﺅ ڈالا گیا کہ اگر قابل شناخت ووٹ کے ذریعے انتخابات نہ ہوئے تو توہین عدالت ہوگی،ایک آئینی ادارے کے کام میں مسلسل مداخلت کرنے کی کوشش کی گئی ،الیکشن کمیشن کے فیصلے سے جمہوریت کی جیت اور کٹھ پتلی راج کو شکست ہوئی ہے،ہر محاذ کی طرح اب سینیٹ کے انتخابات کے محاذ پر بھی عمران خان کو شکست ہوگی ،یوسف رضا گیلانی کی جیت قوم کیلئے ہائبرڈ نظام سے نجات کا راستہ فراہم کرے گی ۔

سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور آصف زرداری کی مدبرانہ قیادت نے قوم کو نجات کی منزل کے قریب پہنچا دیا ہے،پی ڈی ایم کی قیادت کے اتحاد سے قوم کو جلد حقیقی جمہوریت کی بحالی کی نوید ملے گی