عابد شیر علی 22

اللہ تعالی نے پاکستان کو ایک باوقار مقام عطا کیا ہے جس پر پوری قوم شکر گزار ہے،عابد شیر علی

مکو آ نہ(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما سابق وزیر مملکت سینٹر چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ امن سفارت کاری میں عالمی منظرنامے پر پاکستان کو حالیہ دنوں میں جو غیر معمولی عزت، وقار اور سفارتی اہمیت حاصل ہوئی ہے وہ ملکی قیادت کی انتھک محنت اور موثر پالیسیوں کا نتیجہ ہے جس کے سبب پاکستان ایک ذمہ دار اور باوقار ریاست کے طور پردنیا کے سامنے ظاہر ہوا ہے۔

اس تاریخی کامیابی پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار مبارکباد کے مستحق ہیں اور انہیں امن کے نوبل انعام کے لیے نامزد کیا جانا چاہیے۔ فیصل آباد پریس کلب کے دورے کے دوران میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں بعض عالمی قوتیں اور خصوصا بھارت پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کرنے کی کوششیں کر رہا تھا، تاہم آج صورتحال یکسر تبدیل ہو چکی ہے اور وہی عناصر خود عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہو رہے ہیں جبکہ پاکستان ایک ذمہ دار، امن پسند اور فعال سفارتی کردار ادا کرنے والے ملک کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان ہونے والے اہم امن مذاکرات میں عالمی برادری نے پاکستان کے مثبت اور متوازن کردار کو نہ صرف تسلیم کیا بلکہ کھلے دل سے اس کی تعریف بھی کی، ان مذاکرات میں شرکت کے لیے آنے والے بین الاقوامی وفود نے پاکستان کے امن پسند تشخص، ثقافتی خوبصورتی اور مہمان نوازی کو قریب سے دیکھا،جس سے پاکستان کا مثبت تشخص مزید اجاگر ہوا اورپاکستان کے بارے میں عالمی رائے عامہ میں مثبت تبدیلی آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم، نائب وزیر اعظم اور عسکری قیادت نے شبانہ روز محنت کر کے جنگ بندی کے مذاکرات کو قابل عمل بنانے میں اہم کردار ادا کیا، جس کے باعث پاکستان کو عالمی سطح پر ایک ذمہ دار، امن دوست ملک اور بااعتماد ثالث کی حیثیت کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل سے پاکستان کو سعودی عرب جیسے اہم ملک کے ساتھ خصوصی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں جو ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے پاکستان کو ایک باوقار مقام عطا کیا ہے جس پر پوری قوم شکر گزار ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت کردار کے باعث اب بڑی عالمی شخصیات بھی پاکستان کا دورہ کرنے میں دلچسپی ظاہر کر رہی ہیں اور ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار اس کا واضح ثبوت ہے، یہ تمام پیش رفت اس بات کی عکاس ہے کہ پاکستان کا عالمی امیج تیزی سے بہتر ہو رہا ہے۔

معاشی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو کچھ اقتصادی چیلنجز کا سامنا ضرور ہے، تاہم حکومت کی موثر پالیسیوں اور بروقت اقدامات کے باعث یہ مسائل جلد حل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستان کو دہشت گردی سے منسوب کیا جاتا تھا، لیکن آج دنیا پاکستان کو امن کے حوالے سے یاد کر رہی ہے، جو ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کے نائب صدر اور ایرانی قیادت کو بحفاظت اسلام آباد لانا اور واپس لے جانا پاکستان کی اعلی سطحی سکیورٹی، انتظامی صلاحیتوں اور ایک بڑی سفارتی کامیابی کا واضح ثبوت ہے، جس نے عالمی سطح پر ملک کی ساکھ کو مزید مضبوط کیا ہے۔

لوڈشیڈنگ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں موجود 9 ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی مینجمنٹ میں بہتری لانے کی اشد ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ فرنس آئل کے استعمال، جنگی حالات کے اثرات، لائن لاسز اور دیگر انتظامی امور کو مدنظر رکھتے ہوئے جامع اصلاحات کی جائیں تو توانائی کے شعبے میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔فیصل آباد میں صحافی کالونی کے قیام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس طرح دیگر اضلاع میں صحافیوں کو بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، اسی طرح فیصل آباد کے صحافی بھی ان سہولیات کے حقدار ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ فیصل آباد کی تمام سیاسی قیادت کو اس معاملے پر ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا اور یک زبان ہو کر عملی اقدامات کرنا ہوں گے، انہیں اس مقصد کیلئے صحافیوں کے ساتھ مل بیٹھ کر اس مسئلے کا سنجیدہ اور متفقہ لائحہ عمل اختیار کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد پنجاب کا دوسرا بڑا اور اہم صنعتی شہر ہے، جہاں صحافی کالونی اور ہائی کورٹ بینچ کا قیام وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے، انہوں نے زور دیا کہ اس سلسلے میں تمام سیاسی و سماجی قوتوں کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی تاکہ اس دیرینہ مطالبات کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک کی تمام بڑی سیاسی جماعتیں موجودہ قومی معاملات میں حکومت کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کر رہی ہیں جو ملکی استحکام کے لیے خوش آئند ہے۔

شہر میں میٹرو بس سہولت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ فیصل آباد میں میٹرو بس منصوبہ ضرور مکمل ہوگااور اسے کسی صورت سیاست کی نذر نہیں ہونے دیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے اہل فیصل آباد سے وعدہ کیا ہے کہ اس شہر میں نہ صرف میٹرو بس منصوبہ مکمل کیا جائے گا بلکہ مزید سو بسیں بھی چلائی جائیں گی تاکہ طلبہ، محنت کشوں اور عام شہریوں کو معیاری اور سستی سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تاریخی گھنٹہ گھر اور اس سے ملحقہ آٹھوں بازاروں کی خوبصورتی کے منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے اور یہ منصوبہ بہت جلد مکمل کر لیا جائے گا جس سے شہر کی تاریخی حیثیت مزید نکھر کر سامنے آئے گی۔ چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ چین اور سعودی عرب پاکستان کے قابل اعتماد اور دیرینہ دوست ہیں جنہوں نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا اور اقتصادی و سفارتی میدان میں بھرپور تعاون فراہم کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان ان دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں