محسن نقوی 15

افواجِ پاکستان نے افغان طالبان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی کوشش ناکام بنا دی، 8 ڈرونز مار گرائے گئے

کرم /پشاور/مستونگ /تربت/راولپنڈی/اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) افواجِ پاکستان نے افغان طالبان رجیم کی جانب سے مبینہ طور پر ڈرونز کے ذریعے فضائی حدود کی خلاف ورزی کی کوشش ناکام بنا دی، پاکستانی حدود میں داخل ہونے والے 8 ڈرونز مار گرائے گئے ،کرم سیکٹر میں افغان طالبان کی جانب سے پاکستانی سرحدی چوکیوں پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی تاہم پاکستانی فورسز کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے دشمن کی توپیں خاموش کرادیں ،جبکہ مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دور ان9 خوارج دہشت گرد مارے گئے ۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بدھ کی صبح افغان طالبان رجیم کی جانب سے 8 ڈرونز پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوئے، جنہیں افواجِ پاکستان کے ایئر ڈیفنس سسٹم نے مار گرایا۔ذرائع کے مطابق 4 ڈرونز طورخم بارڈر سے ملحقہ علاقوں میں گرائے گئے۔سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ یہ دراندازی افغان طالبان رجیم کی دہشت گردوں کی براہِ راست معاونت اور سرپرستی کا ثبوت ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ رات افواجِ پاکستان نے کرم سیکٹر میں افغان طالبان رجیم کے مورچوں اور ٹھکانوں کو بھی تباہ کیا تھا۔ قبل ازیں سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ناکامی کے بعد کرم سیکٹر میں افغان طالبان نے پاکستانی سرحدی چوکیوں پر بلااشتعال فائرنگ کی۔پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے بھرپور جوابی کاررروائی کرتے ہوئے دشمن کی توپیں خاموش کروادیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان صوبے ننگرہار اور پکتیا میں افغان پوسٹوں سے فتنہ الخوارج نے دراندازی کی کوشش کی جنہیں بارڈر پر موجود بہادر جوانوں نے موثر اور منہ توڑ جواب دیا۔افغان طالبان نے پاکستانی سرحدی چوکیوں کو بھاری ہتھیاروں، مارٹرز اور دیگر اسلحے سے بلااشتعال نشانہ بنایا، سیکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے افغان طالبان کی متعدد سرحدی پوسٹوں، مارٹر پوزیشنز کو نشانہ بنایا۔پاکستانی فورسز نے سرحدی علاقوں پر مکمل کنٹرول برقرار رکھتے ہوئے دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا۔ شدید جوابی کارروائی کے نتیجے میں افغان طالبان متعدد پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔دریں اثناء بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے کنک وادی میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے کنک وادی میں سیکیورٹی چوکی پر حملے کی کوشش کی تھی۔سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے ابتدائی طور پر 2 دہشت گردوں کو ہلاک کیا جبکہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کا تعاقب کر کے مزید 7 خوارج کو ہلاک کر دیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 3 موٹر سائیکلیں، اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی فورسز کا ایک جوان زخمی ہو گیا، جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب سیکیورٹی فورسز کی آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاںمزید تیز ک دی گئیں ،سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے تربت میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔تربت کے علاقے جوسک میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فرار ہونے والے دہشت گردوں کا تعاقب اور علاقے میں سرچ آپریشن جاری رہا۔

سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں غیر متزلزل عزم کے ساتھ جاری ہیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے مستونگ کے علاقے کنک وادی میں کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کی ستائش کی ہے، انہوں نے9 دہشت گردوں کو جہنم رسید کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔انہوںنے کہاکہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے والے سیکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں پر فخر ہے، سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم کی عکاس ہیں، قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشنز پوری قوت سے جاری ہیں اور جاری رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں