لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) انسداد دہشتگردی عدالت نے سابق وفاقی وزیر اعظم خان سواتی کی 9مئی کے 5مقدمات میں عبوری ضمانت میں توسیع کے احکامات جاری کردیئے۔
لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں 9مئی کے 5مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، اے ٹی سی جج منظر علی گل نے کیس کی سماعت کی۔دوران سماعت پولیس کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ اعظم سواتی سے جناح ہائوس کیس میں تفتیش مکمل ہو چکی ہے، اعظم سواتی نے ہمارے پاس دوبارہ آنا تھا مگر یہ نہیں آئے۔
عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ مگر آپ نے تو لکھ رکھا ہے کہ اعظم سواتی کے خلاف تفتیش مکمل ہے، اعظم سواتی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہم پولیس کے پاس جانا چاہتے تھے مگر پولیس نے ہمیں وقت نہیں دیا۔بعدازاں عدالت جناح ہاس کیس میں پی ٹی آئی رہنما کو تفتیش کے لیے پولیس کے پاس پیش ہونے کی ہدایت جبکہ اعظم سواتی کی 9مئی کے 5مقدمات میں عبوری ضمانت میں 11مارچ تک توسیع کردی۔