حافظ نعیم الرحمن 21

اشرافیہ نے پورے معاشرے کو یرغمال بنا رکھا ہے، حافظ نعیم الرحمان

گجرات (رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ہمارے ملک میں ریاست اپنی ذمہ داری ادا نہیں کر رہی، ایلیٹ کیپچر نے پورے معاشرے کو یرغمال بنا رکھا ہے، بڑے بڑے سرمایہ دار غریبوں کا استحصال کر رہے ہیں۔

گجرات میں الخدمت فاؤنڈیشن کے بنو قابل پروگرام کی پہلی گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستان میں بیوروکریسی اور جاگیرداروں پر مشتمل اشرافیہ موجود ہے، زراعت، معیشت سمیت ہر چیز اشرافیہ کے کنٹرول میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ ہمارے ملک کا تعلیمی نظام اپ ڈیٹڈ نہیں ہے، پاکستان میں اس وقت پونے تین کروڑ سے زائد بچے سکولوں سے باہر ہیں، صرف پنجاب میں ایک کروڑ 18 لاکھ بچے سکول نہیں جا رہے جبکہ صوبے کے 70 فیصد سرکاری سکولوں میں واش رومز کی سہولیات موجود نہیں ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں نویں جماعت کے 52 فیصد طلبا فیل ہو گئے، سندھ کے سکولوں کی حالت اس سے بھی بری ہے، صرف اشتہارات میں پنجاب کی ترقی دکھائی جاتی ہے، مریم نواز نے 11 ہزار سکول بیچ دیئے جبکہ 25 ہزار کا ہدف ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستان میں حقیقی مسائل پر کوئی بھی سیاست نہیں کرتا، تعلیم اور مہنگائی پر کوئی جماعت بھی نہیں نکلتی، زراعت تباہ ہو رہی ہے، عوام پس رہے ہیں لیکن کسی کو فکر ہی نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہاں ان لوگوں سے بھی ٹیکس لیا جاتا ہے جن کی آمدن کچھ بھی نہیں ہوتی، یہ غریبوں اور مڈل کلاس طبقے کو لوٹ رہے ہیں، ملک میں مفت تعلیم تو چھوڑیے، مہنگی تعلیم بھی معیاری نہیں ملتی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں