اویس قادر شاہ 15

اسپیکر سندھ اسمبلی کا مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کی 59ویں برسی پر خراجِ عقیدت

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کی 59ویں برسی کے موقع پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ محترمہ فاطمہ جناح نے تحریکِ پاکستان، جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے جو تاریخی خدمات انجام دیں، وہ ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھی جائیں گی۔

اپنے پیغام میں اسپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح نے قائداعظم محمد علی جناح کے شانہ بشانہ برصغیر کے مسلمانوں کی سیاسی جدوجہد میں اہم کردار ادا کیا اور قیامِ پاکستان کے بعد بھی ملک میں جمہوری اقدار، آئینی بالادستی اور عوام کے بنیادی حقوق کے لیے آواز بلند کی۔سید اویس قادر شاہ نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح کی قومی، جمہوری اور عوامی خدمات ہمیشہ قوم کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔ انہوں نے ہر دور میں حق، انصاف، آئین اور جمہوریت کی سربلندی کے لیے جرات، استقامت اور اصول پسندی کا مظاہرہ کیا، جس کی مثال تاریخ میں کم ہی ملتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مادرِ ملت کی قربانیاں، خدمات اور وطن سے بے لوث محبت ہمیشہ احترام اور فخر کے ساتھ یاد رکھی جائیں گی۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ان کے افکار، کردار اور اصولوں سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے ملک میں جمہوری روایات، قومی اتحاد اور آئین کی پاسداری کو فروغ دیں۔

اسپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ نئی نسل کو چاہیے کہ وہ محترمہ فاطمہ جناح کی زندگی، جدوجہد، کردار اور قومی خدمات کا مطالعہ کرے اور انہیں اپنی عملی زندگی میں مشعلِ راہ بنائے تاکہ پاکستان کو مضبوط، ترقی یافتہ اور جمہوری ریاست بنانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کیا جا سکے۔ سید اویس قادر شاہ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور قوم کو ان کے سنہری اصولوں پر عمل کرنے کی توفیق دے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں