اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن ) اسلام آباد ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت ہوئی ۔دوران سماعت عدالت کی جانب سے استفسار کیا گیا کہ کس کے کہنے پر نام پی این آئی ایل میں ڈالا گیا ، کون نام شامل کرتا ہے؟ ،عدالت نے زرتاج گل کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی ۔
جمعرات کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کیس کی سماعت کی،سرکاری وکیل نے کہاکہ زرتاج گل کا نام پی این آئی ایل میں شامل ہے،عدالت نے کہاکہ کس کے کہنے پر نام پی این آئی ایل میں ڈالا گیا ، کون نام شامل کرتا ہے؟
سرکاری وکیل نے کہاکہ اسلام آباد اور پنجاب پولیس کے کہنے پر نام شامل کیا گیا،پی این آئی ایل میں نام ایف آئی اے شامل کرتا ہے،زرتاج گل کیخلاف اسلام آباد اور پنجاب میں 5مقدمات ہیں۔ وکیل زرتاج گل نے کہاکہ جو کیسز بتائے گئے ان تمام میں زرتاج گل ضمانت پر ہیں،عدالت نے استفسار کیا کہ جو ضمانت پر ہواس کا نام بھی پی این آئی ایل میں شامل کردیا جاتا ہے؟جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کہاکہ آپ زرتاج گل کی ضمانت کا ریکارڈ پیش کریں،زرتاج گل کتنے کیسز میں ضمانت پر ہیں ، آئندہ سماعت پر ریکارڈ طلب کر لیاگیا،عدالت نے کہاکہ آئندہ سماعت پر درخوات گزار زرتاج گل پیش ہوں، کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی گئی ۔