ملک محمد احمد خان 18

اسلام آباد میں کسی کو انارکی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی،ملک احمد خان

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش موجودہ چیلنجز پر قابو پانا تمام سیاسی قوتوں اور اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے، سیاسی اختلافات کو ملکی مفاد پر قربان کرنا ہوگا جبکہ ریاست کی سلامتی اور استحکام ہر چیز سے مقدم ہے،اسلام آباد میں کسی کو انارکی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مختلف اوقات میں اسلام آباد پر چڑھائی کرکے افراتفری پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، اب ایک مرتبہ پھر پشاور سے جتھے آنے اور دبا ئوڈالنے کی بات کی جارہی ہے،بعض عناصر اسلام آباد کا محاصرہ کرکے سپریم کورٹ پر اثرانداز ہونے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 2014ء سے اب تک 12سال کے عرصے میں 5مرتبہ جتھے اسلام آباد آئے۔وزیراعظم ہائوس، پی ٹی وی، سپریم کورٹ اور کانسٹیٹیوشن ایونیو پر ہونے والے واقعات سب کے سامنے ہیں،پشاور سے مسلح جتھے روانہ ہوئے جن میں غنڈے بھی شامل تھے۔بار بار جتھہ بندی کے نتیجے میں 9مئی جیسے حالات پیدا ہوسکتے ہیں، جبکہ اس طرز سیاست کا سب سے بڑا نقصان ملکی معیشت اور معاشی استحکام کو پہنچتا ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ جلا ئوگھیرا ئوکی سیاست جرم ہے اور ریاستی اداروں اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ یہ معلوم کریں کہ ایسے عناصر کے پیچھے کون ہے۔سیاسی اختلافات اپنی جگہ، تاہم ملک کی سلامتی، استحکام اور قومی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ملک احمد خان نے کہا کہ ماضی میں سیاسی کشیدگی کم کرنے کے لیے رابطے اور ملاقاتیں بھی ہوئیں۔سابق وزیراعظم نواز شریف بانی پی ٹی آئی کے گھر بھی گئے، اس کے باوجود بعد میں احتجاجی جتھے اسلام آباد لائے گئے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی اگر کوئی گروہ اسلام آباد آکر دبا ئوڈالنے یا افراتفری پھیلانے کی کوشش کرے گا تو ریاست کو قانون کے مطابق صورتحال سے نمٹنا ہوگا۔انہوں نے خیبر پختونخوا ہ میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بدقسمتی سے کئی دہائیوں سے انارکی کا شکار رہا ہے اور اس وقت دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں