اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ترکیہ کے یومِ فتح کی 104ویں سالگرہ کے موقع پر، ترکیہ کی قیادت، حکومت اور برادر عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اپنے ترک بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مل کر اس تاریخی فتح کی خوشی مناتے ہیں اور غازی مصطفی کمال اتاترک سمیت ترکیہ کی جنگِ آزادی کے تمام ہیروز اور شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔
اتوار کو ایکس پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہم ترک قوم کے عزم، حوصلے اور ثابت قدمی کے لازوال جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ پاکستان اور ترکیہ باہمی اعتماد، محبت اور دونوں اقوام کے درمیان گہری قلبی وابستگی پر مبنی غیر معمولی برادرانہ رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہمارے دوطرفہ تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ ایک جامع اور کثیرجہتی شراکت داری کی شکل اختیار کرچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اللہ کرے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوستی اور برادرانہ تعلقات کے یہ لازوال رشتے روز بروز مزید مضبوط اور مستحکم ہوتے رہیں۔









