ڈیفالٹ

اسحاق ڈار کو احتساب عدالت سے ریلیف مل گیا،آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس نیب کو واپس

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کے خلاف کارروائی ختم کرنے کا حکم دے دیا۔ منگل کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ(ن )کے رہنما اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف کارروائی ختم کرنے کا حکم دیا۔

عدالتی فیصلے میں احتساب عدالت کا کہنا تھا کہ ترمیمی ایکٹ کے بعد اس کیس پر دائرہ اختیار نہیں۔ ترمیمی ایکٹ کے بعد بریت کی درخواستوں پر فیصلہ بھی ہمارا اختیار نہیں۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ نہ ہم قومی احتساب بیورو ( نیب) ، نہ ہی ملزمان کے حق میں فیصلہ دے سکتے ہیں۔

اسحاق ڈار کے خلاف جاری ٹرائل یہیں ختم کیا جاتا ہے۔ اس موقع پر عدالت نے اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس نیب کو واپس کردیا۔ قبل ازیں نیب نے سماعت کے دوران کیس پر اسحاق ڈار کے اعتراضات تو مسترد کر دیئے تاہم درخواست بریت کی کھل کر مخالفت نہیں کی تھی۔ احتساب عدالت کے جج جسٹس محمد بشیر نے ایک روز قبل درخواست بریت پر دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔