اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں نیپال کے سفارتخانے کا دورہ کیا اور نیپال میں تباہ کن سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی یاد میں تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور نیپال کی حکومت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی خطے کے ممالک کو غیر متناسب طور پر متاثر کر رہی ہے، موسمیاتی تبدیلی سے انسانی جانوں، روزگار اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔
نائب وزیراعظم نے نیپال کی امدادی اور بحالی کی کوششوں کیلئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس قدرتی آفت کے اثرات سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔









