اداکاراحسن خان 11

اداکار احسن خان کے والد انتقال کر گئے، شوبز شخصیات کا اظہارِ افسوس

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار، میزبان اور پروڈیوسر احسن خان کے والد انتقال کر گئے جس کی خبر انہوں نے انسٹاگرام کے ذریعے دی۔

احسن خان نے اپنے جذباتی پیغام میں والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ان کے والد ایک شفیق، محبت کرنے والے اور باوقار انسان تھے، جن کی دعائیں اور رہنمائی ہمیشہ ان کی زندگی کا سرمایہ رہیں گی۔اداکار نے کہا کہ زندگی کی بعض جدائیاں انسان کو اس حقیقت کا احساس دلاتی ہیں کہ دنیا میں کوئی بھی چیز ہمیشہ باقی رہنے والی نہیں، ہر نعمت اور ہر رشتہ اللہ تعالی کی امانت ہے جو ایک دن اسی کی طرف لوٹ جانا ہے۔انہوں نے اپنے والد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے لکھا کہ وہ ایک عظیم شخصیت کے مالک تھے اور ان کی زندگی، تربیت اور کامیابیوں میں والد کا کردار سب سے نمایاں رہا۔ آج وہ جس مقام پر ہیں اس کی بنیاد ان کے والد کی محبت، رہنمائی اور قربانیوں پر قائم ہے۔

احسن خان نے اس دکھ کی گھڑی میں ساتھ دینے والے تمام افراد کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جن دوستوں، ساتھیوں، مداحوں اور خیر خواہوں نے فون، پیغامات اور دعاں کے ذریعے ان سے اظہارِ ہمدردی کیا وہ ان سب کے بے حد ممنون ہیں۔ لوگوں کی محبت اور حمایت نے انہیں یہ احساس دلایا کہ وہ اس کڑے امتحان میں تنہا نہیں اور یہ احساس ان کے لیے بے حد حوصلہ افزا ثابت ہوا۔والد کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی متعدد شخصیات، فنکاروں اور مداحوں نے احسن خان سے اظہارِ تعزیت کیا۔ سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے، جن میں مرحوم کے لیے مغفرت اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعائیں کی جا رہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں