لاہور (رپورٹنگ آن لائن)شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال کو مبینہ طور پر قتل کی دھمکیاں دی جانے لگیں۔فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ مومنہ اقبال نے طویل پوسٹ شیئر کی اور اعلی حکام سے مطلوبہ شخص کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔اداکارہ کو مبینہ طور پر بااثر شخصیت کی جانب سے ہراساں کیے جانے کا سامنا ہے، انہوں نے مزید دعوی کیا کہ انہیں اور خاندان کو دھمکیاں مل رہی ہیں۔
مومنہ اقبال نے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ مجھے ایک عرصے سے بااثر شخص کی جانب سے آن لائن ہراسانی، سائبر بلنگ، ذہنی اذیت اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کا سامنا ہے، این سی سی آئی اے، ایف آئی اے اور پنجاب پولیس کو بار بار رپورٹ کرنے کے باوجود ملوث فرد کے سیاسی اثر و رسوخ کی وجہ سے کوئی مناسب کارروائی نہیں کی گئی۔انہوں نے کہا کہ قانونی کارروائی کرنے کے بجائے حوصلہ شکنی کی گئی اور مجھے، میرے خاندان کو شدید خطرات لاحق ہیں، میں متعلقہ حکام سے درخواست کرتی ہوں کہ فوری طور پر غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور میرے خاندان کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
انہوں نے اعلی حکام سے مزید درخواست کی کہ وہ اس معاملے میں فوری ایکشن لیں اور ان کی مدد کریں۔ انہوں نے اہم دفاتر، نیوز چینلز اور میڈیا پورٹلز کو بھی ٹیگ کیا۔مومنہ اقبال نے مزید کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اعلی حکام کسی بھی شخص کے خلاف غیر جانبدارانہ اور قانونی کارروائی کریں گی جو اختیارات کے ناجائز استعمال یا انصاف کی راہ میں رکاوٹ میں ملوث پایا گیا۔سوشل میڈیا صارفین سیاسی شخصیات کو ٹیگ کر رہے ہیں اور اداکارہ کی شکایت پر فوری کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔









