ملک محمد احمد خاں 63

آپریشن ”بنیان المرصوص ”میں کامیابی،قومی اتحاد اور دفاعی صلاحیت کا مظہر قرار

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے آپریشن”بنیان المرصوص ”میں پاکستان کی کامیابی کو تاریخی سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس معرکے میں نہ صرف دشمن کے غرور کو خاک میں ملایا گیا بلکہ پوری قوم نے غیر معمولی اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا،انہوں نے اعلان کیا کہ اس کامیابی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے پنجاب اسمبلی میں خصوصی اجلاس منعقد کیا جائے گا، جس میں متفقہ قرارداد بھی منظور کی جائے گی۔

پنجاب اسمبلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعہ کو جواز بنا کر بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزامات عائد کیے اور خطے میں کشیدگی بڑھانے کی کوشش کی، تاہم پاکستان نے نہایت ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کرتے ہوئے سفارتی محاذ پر اپنا مؤقف مؤثر انداز میں دنیا کے سامنے رکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہر سطح پر شفاف تحقیقات اور غیر جانبدار ثالثی کی پیشکش کی، جو اس کے پُرامن اور ذمہ دار ریاست ہونے کا ثبوت ہے۔سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ جنگی حالات میں سب سے پہلے سچ متاثر ہوتا ہے، مگر پاکستانی میڈیا نے پیشہ ورانہ دیانت داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حقائق کو درست انداز میں عالمی برادری تک پہنچایا۔

سپیکر نے واضح کیا کہ پاکستان مکمل دفاعی صلاحیت رکھتا ہے اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی اہلیت رکھتا ہے، تاہم اس کی اولین ترجیح خطے میں پائیدار امن کا قیام ہے۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے قومی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف اور عسکری قیادت، بالخصوص فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی حکمت عملی کو سراہا اور کہا کہ ان کی قیادت میں پاکستان نے نہ صرف دفاعی میدان میں کامیابی حاصل کی بلکہ عالمی سطح پر اپنا وقار بھی بلند کیا۔ سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف صوبے میں سماجی و ترقیاتی اصلاحات کے ایجنڈے پر بھرپور انداز میں عمل پیرا ہیں۔

”ستھرا پنجاب پروگرام ” ،ویسٹ مینجمنٹ، ماس ٹرانزٹ اور دیگر عوامی فلاحی منصوبے صوبے میں مثبت تبدیلی کی واضح مثال ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کو ” سوشل ریفارمر”قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔سپیکر نے مزید کہا کہ پنجاب اسمبلی میں قانون سازی کا عمل مؤثر انداز میں جاری ہے، جس کے ذریعے سماجی اصلاحات کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شفاف حکمرانی، مضبوط اداروں اور عوامی خدمت کے ذریعے صوبے کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن رکھا جائے گا، جبکہ”معرکہ حق”پر اسمبلی کا خصوصی اجلاس قومی بیانیے کو مزید تقویت دے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں