عشرت العباد خان 18

آزادی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت، اس کی قدر محروم قومیں بہتر جانتی ہیں،عشرت العباد خان

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)جشنِ آزادی کے سلسلے میں مختلف ٹاؤنز میں پرچم کشائی، قومی پرچم تقسیم اور آن لائن خطابات سے گفتگو کرتے ہوئے سابق گورنر سندھ، نشانِ امتیاز اور میری پہچان پاکستان (ایم پی پی) کے روحِ رواں ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے اور اس کی قدر وہ قومیں زیادہ جانتی ہیں جو ظلم، جبر اور محرومی کا شکار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے مسلمان آج جن مشکلات سے گزر رہے ہیں وہ آزادی اور ایک آزاد وطن کی اہمیت کو بخوبی سمجھتے ہیں۔ پاکستان کے پچیس کروڑ عوام ماہِ اگست میں تجدیدِ عہد کرتے ہوئے وطن سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہیں۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی خصوصی رحمت ہے اور عالمِ اسلام میں اس کا منفرد مقام ہے۔ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون پاکستان کی عالمی اہمیت اور سفارتی حیثیت کو مزید مستحکم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں انتظامی اصلاحات وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہیں اور اگر نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے قیام کی ضرورت ہو تو یہ عمل نفرت، تعصب اور لسانیت کے بجائے آئینی اور قانونی طریقہ کار کے تحت ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، ڈی جی آئی ایس پی آر کی حالیہ پریس کانفرنس اور مختلف سیاسی رہنماؤں کی آرا کے تناظر میں ایم پی پی کا مؤقف بالکل واضح ہے کہ اگر نئے صوبے بنائے جائیں تو یہ عمل صرف ایک علاقے تک محدود نہ رہے بلکہ پورے ملک میں یکساں اصولوں کے تحت کیا جائے۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ کراچی کے نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی بے چینی کی بنیادی وجہ میرٹ کی پامالی، سفارش اور پچھلے دروازے سے ہونے والی بھرتیاں ہیں۔ ملک کے معاشی مرکز کراچی کے نوجوانوں کو ان کے جائز حقوق اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ گڈ گورننس کے بغیر ترقی ممکن نہیں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے شفاف اور جوابدہ نظام ناگزیر ہے۔

انہوں نے حالیہ کراچی تاجر کے بیٹے کے قتل کیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندان کی استقامت اور قانونی جدوجہد کے نتیجے میں حقائق سامنے آئے اور دودھ کا دودھ، پانی کا پانی ہوگیا۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے ایم پی پی کے کارکنان اور عہدیداران کو ہدایت کی کہ وہ محض فوٹو سیشن اور نمائشی سرگرمیوں کے بجائے عملی میدان میں عوامی خدمت کو ترجیح دیں۔

انہوں نے کہا کہ ایم پی پی کا وفد آخری وقت تک عوام کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور آئندہ بھی عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔اس موقع پر ڈاکٹر صفیہ، وسیم گوندل، پنجاب اور دیگر صوبوں کے مختلف شہروں میں موجود ایم پی پی رہنماؤں اور کارکنان نے بھی جشنِ آزادی کی تقریبات میں شرکت کی اور قومی یکجہتی، حب الوطنی اور پاکستان کی ترقی و استحکام کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں