شرجیل انعام میمن 41

آزاد، ذمہ دار اور باخبر میڈیا کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہوتا ہے،شرجیل میمن

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)عالمی یومِ آزادی صحافت کے موقع پر سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے ملک بھر کے صحافیوں کو مبارکباد اور خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد، ذمہ دار اور باخبر میڈیا کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہوتا ہے۔ عالمی یومِ آزادی صحافت کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ صحافت عوامی آواز کو ایوانوں تک پہنچانے اور حکومتی اداروں کو جوابدہ بنانے کا ایک موثر ذریعہ ہے، اور یہی جمہوریت کی مضبوطی کی ضمانت بھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آزادی صحافت کے لیے تاریخی جدوجہد کی ہے اور یہ آزادی ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کے وژن کا اہم حصہ رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آمریت کے ادوار میں پیپلز پارٹی نے میڈیا کی آزادی کے لیے لازوال قربانیاں دیں۔سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومتِ سندھ آزادی اظہارِ رائے اور صحافیوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی آج بھی صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے صفِ اول میں کھڑی ہے اور اس کا منشور آزادی اظہار اور جمہوری اقدار کے فروغ پر مبنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے صحافیوں کے لیے ہیلتھ انشورنس، مالی معاونت اور ہاسنگ اسکیموں جیسے منصوبے متعارف کرائے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومتِ سندھ صحافیوں کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے اور کسی بھی قسم کی ہراسانی یا دبا ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، جبکہ صحافیوں کو بلا خوف و خطر اپنے فرائض انجام دینے کا حق حاصل ہے اور اس حق کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں