سینیٹر اورنگزیب 13

آج ہم اپنے بزرگوں کی بصیرت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، محمد اورنگزیب

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے کہاکہ آج ہم اپنے بزرگوں کی بصیرت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں اور ایک مضبوط، خوشحال اور سب کو ساتھ لے کر چلنے والے پاکستان کی تعمیر کے عزم کی تجدید کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے یوم آزادی کے موقع پر یہاں جاری اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان آج نئے اعتماد کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے، معاشی استحکام مضبوط ہوا ہے، اصلاحات پالیسی سے عملدرآمد کی طرف بڑھ رہی ہیں، مالی اور بیرونی شعبے کے اشاریے بہتر ہو رہے ہیں اور معیشت اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ استحکام اب ہماری بنیاد ہے، اب ہم ترقی کے اگلے مرحلے کی جانب بڑھ رہے ہیں جہاں ہماری توجہ معاشی ترقی کو تیز کرنے، سرمایہ کاری لانے، برآمدات بڑھانے، روزگار پیدا کرنے اور اپنے لوگوں کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے پر ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ اس سفر کا مرکز ہمارے لوگ ہیں جو ہماری سب سے بڑی طاقت اور سب سے اہم سرمایہ ہیں، نوجوانوں، خواتین، کاروباری افراد، کسانوں، محنت کشوں، فری لانسرز، جدت لانے والوں اور کاروباری اداروں کو ہنر اور مواقع فراہم کرنا پاکستان کے روشن مستقبل کی بنیاد ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارا مقصد واضح ہے کہ استحکام کو ترقی میں ، اصلاحات کو مواقع میں اور معاشی پیش رفت کو عوام کی بہتر زندگی میں بدلنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے لیکن سمت واضح ہے، تسلسل، مشترکہ کوشش اور پاکستان کی صلاحیت پر یقین کے ساتھ ہم آج کی پیش رفت کو کل کی خوشحالی میں بدل سکتے ہیں، یومِ آزادی مبارک، پاکستان پائندہ باد!

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں