مسرت جمشید چیمہ

آج پاکستان کی سیاست عمران خان کے گرد گھوم رہی ہے’ مسرت جمشید چیمہ

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما و چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ کرپشن اور لوٹ مار کے ذریعے ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے والوں کیلئے کیسے راستہ صاف ہوتا ہے پوری قوم کھلی آنکھوں سے دیکھ رہی ہے ،آج پاکستان کی سیاست عمران خان کے گرد گھوم رہی ہے ، نواز شریف اپنے انقلاب کو مزید سرد خانے میں رکھنے کی بجائے اس کے ساتھ پاکستان واپس آئیں ،نواز شریف بھی (ن) لیگ کی قیادت کر کے دیکھ لیں ان کی یہ خوش فہمی بھی دور ہو جائے گی ۔

اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ شریف خاندان حکومت پاکستان پر کرنا چاہتا ہے لیکن سیاست کیلئے اپنا ہیڈ کوارٹر لندن میں بنا رکھا ہے ،اب ان کے اپنے سنجیدہ لوگ ان کے دوہرے معیار کی وجہ سے ان سے متنفر ہو رہے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ عمران خان نے شریفوں اور زرداریوں کی طرح اپنی کرپشن بچانے کے لئے نہیں بلکہ ملک و قوم کی حقیقی آزادی کیلئے تحریک شروع کر رکھی ہے اور پوری قوم ان کے شانہ بشانہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے مقابلے پر ہونے کی وجہ سے (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی والوں کے اعصاب شل ہو چکے ہیں اور انہیں سمجھ نہیں آرہی آگے کیا کرنا ہے ۔