خواجہ سعد رفیق 17

آئین پامال کر کے جتنے مرضی چھوٹے صوبے بنالیں کوئی فائدہ نہیں، خواجہ سعد رفیق

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ریاستی رٹ قائم کرتے کرتے شہریوں کی رٹ ختم نہ کریں، پہلے منتخب پارلیمنٹ بنائیں، پھر چھوٹے صوبے بنائیں۔

سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے قومی پالیسی ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ حکومت لوگوں کوجیل میں ڈالنے میں مصروف رہی، ہم ایک ایٹمی قوت ہیں، سمجھتے ہیں مخالف کودبا کرراستہ بنالیں گے۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جو لوگ خون سے جمہوریت رقم کرتے ہیں وہ اورطریقے سے سوچتے ہیں، آج ایسے چوراہے میں کھڑے ہیں جہاں راستہ نظر نہیں آرہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کئی مارشل لااعلانیہ اور کئی غیر اعلانیہ لگے، ہر سیاسی پارٹی ایک خاندان کی جاگیر بنی ہوئی ہے، جب ایک ہی خاندان جاگیر ہوتو جمہوریت کیسے دیں گے؟

انہوں نے مزید کہا کہ آج بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال سب کے سامنے ہے، ملک میں ووٹ کسی کو ملتا ہے اور منتخب کوئی ہوجاتا ہے، ریاستی رٹ قائم کرتے کرتے شہریوں کی رٹ ختم نہ کریں۔

سعد رفیق نے خدشہ ظاہر کیا کہ کہیں آزادکشمیر کی صورتحال بلوچستان جیسی نہ بن جائے، پہلے ایک منتخب پارلیمنٹ بنائیں پھر چھوٹے صوبے بنائیں، پارلیمانی جمہوریت کوپارلیمانی آمریت میں بدلنا بند کریں۔خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ آئین کی پامالی کی صورتحال میں جتنے مرضی چھوٹے صوبے بنالیں کوئی فائدہ نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں