اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ آئینِ پاکستان بچوں کے تحفظ اور انہیں مفت و لازمی تعلیم کی ضمانت فراہم کرتا ہے، پاکستان آئی ایل او کے کنونشنز 138 اور 182 پر عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے، حکومت بچوں کے تحفظ کے نظام اور ان کی تعلیم تک رسائی کو مزید مضبوط بنا رہی ہے۔
جمعہ کو عالمی دن برائے انسدادِ چائلڈ لیبر کے موقع پر جاری پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہر بچے کو تعلیم، تحفظ اور باوقار زندگی کا حق حاصل ہے، بچوں سے مشقت کرانا ان کے بنیادی حقوق اور روشن مستقبل سے محرومی کا سبب بنتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کو خطرناک مشقت سے محفوظ رکھنا ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے، بچوں سے مشقت کے خاتمے کے لیے حکومت، والدین، اساتذہ اور سول سوسائٹی کا مشترکہ کردار ناگزیر ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہر بچہ محفوظ، تعلیم یافتہ اور بااختیار ہو، یہی ہمارا قومی عزم ہے، بچوں کو استحصال سے محفوظ رکھنا ہماری قانونی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔









