فلسطین

آئر لینڈ، ناروے اور سپین نے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرلیا

ڈبلن (رپورٹنگ آن لائن)آئرلینڈ، ناروے اور سپین کے وزیراعظم نے فلسطین کو تسلیم کرنے کا اعلان کردیا۔غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق آئرلینڈ کے وزیراعظم کاکہنا ہے کہ فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا وقت آگیا ہے، تسلیم کرنے کے عمل سے امن کی کوششوں کی تکمیل اور دو ریاستی حل کی حمایت ہو گی۔ناروے کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ ناروے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کر رہا ہے تاہم سرکاری سطح پر اعلان 28مئی کو کیا جائے گا۔

ناروے کے وزیر اعظم جوناس گہر سٹور نے کہا کہ فلسطین کو ریاست تسلیم نہ کرنے سے مشرق وسطی میں امن نہیں ہو سکتا، ناروے 28مئی کو سرکاری طور پر فلسطین کو بطور ریاست کو تسلیم کر لے گا، فلسطین کو ایک آزاد ریاست کا بنیادی حق حاصل ہے۔یورپی یونین کے کئی ممالک نے گزشتہ ہفتوں میں اشارہ دیا ہے کہ وہ فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، ان کا مقف تھا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے دو ریاستی حل ضروری ہے۔

دنیا کے 173میں سے 140ممالک فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرچکے ہیں۔یہ کوششیں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب غزہ میں حماس کو شکست دینے کے لیے اسرائیل کی جارحیت کی وجہ سے فلسطینی شہادتوں کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے اور یہ عالمی سطح پر جنگ بندی اور خطے میں قیامِ امن کے لیے ایک دیرپا حل پر زور دینے کا سبب بنا ہے۔