حماس 144

یہودی آباد کاری روکنے کیلئے تمام وسائل استعمال کیے جائیں،حماس

غرب اردن (ر پورٹنگ آن لائن) اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ نے کہا ہے کہ فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہروں میں یہودی آباد کاری روکنے کیلئے تمام دستیاب وسائل استعمال کئے جائیں۔اطلاعات کے مطابق حماس کے ترجمان عبداللطیف القانوع نے کہا کہ اسرائیلی حکومت کا غرب اردن میں یہودی کالونیوں میں معابد کے قیام کا منصوبہ غرب اردن میں یہودی پروگرام کو توسیع دینے کا واضح اور سوچا سمجھا فیصلہ ہے۔ فلسطینی قوم کے پاس اس کے سوا اور کوئی چارہ نہیں کہ وہ دشمن کی آباد کاری روکنے کیلئے تمام وسائل استعمال کریں۔عبداللطیف القانوع نے فلسطینی اتھارٹی پر زور دیا کہ وہ غرب اردن میں فلسطینی مزاحمتی قوتوں کو دشمن کے خلاف مزاحمت کیلئے آزاد کرے اور ان کا تعاقب، گرفتاریاں اور پکڑ دھکڑ بند کی جائے اور قابض دشمن کے ساتھ سیکیورٹی تعاون روکا جائے۔

ترجمان نے کہا کہ اسرائیلی حکومت کا غرب اردن کی یہودی کالونیوں میں معابد کے قیام کا منصوبہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیاہے جب حال ہی میں اسرائیلی وزیر دفاع بینی گیںٹز نے فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس سے ملاقات کی تھی۔القانوع نے فلسطینی سیکیورٹی اداروں کی طرف سے قابض اسرائیل کے ساتھ سیکیورٹی تعاون کے تسلسل کی مذمت کی اور فلسطینی اتھارٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ دشمن کے ساتھ بے معنی اور بے مقصد مذاکرات کے جھانسے میں نہ آئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں