جمشید اقبال چیمہ

یہ طے ہو چکا ہے پاکستان میں اب ماضی کا کرپشن ماڈل نہیں چلے گا ‘ جمشید اقبال چیمہ

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)انصاف ویلفیئر ونگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ یہ طے ہو چکا ہے کہ پاکستان میں اب ماضی کا کرپشن ماڈل نہیں چلے گا ،ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کےلئے حکومت اور اداروں میں مکمل ہم آہنگی ہے ، حکومت کو شکست خوردہ اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں ۔

ان خیالات کا اظہارا نہوںنے حلقہ این اے 127کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ۔جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کے ساتھ کیا کیا؟ ، مولانا فضل الرحمان جیسا تجربہ کار شخص دوبارہ دھوکہ کھانے کےلئے تیار ہو جائے یہ سمجھ سے بالا تر ہے،اپوزیشن صرف وزیر اعظم عمران خان کے بغض میں مبتلاہے اور یہ اپوزیشن جماعتوں کی قیادت حسد کی آگ میںجل رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کا ایک ہی رونا اور واویلا ہے کہ انہیں کسی نہ کسی طرح کرپشن کیسز سے ریلیف مل جائے لیکن دنیا ادھر کی اُدھر تو ہو سکتی ہے تحریک انصاف کی حکومت احتساب کے اصولی نظرئیے اور موقف سے پیچھے نہیں ہٹ سکتی ،یہ طے ہو چکا ہے کہ پاکستان میں اب ماضی کا کرپشن ماڈل نہیں چلے گا ۔