کیف(رپورٹنگ آن لائن)یوکرین نے روس کی جانب سے جلد حملہ کیے جانے کا امریکی حکام کا دعویٰ مسترد کردیا ہے ۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین کے وزیر خارجہ نے کہا کہ عوام کسی بھی پیشن گوئیوں اور دعووں پر یقین نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ آج یوکرین کے پاس ایک مضبوط فوج، بے مثال بین الاقوامی حمایت اور عوام کا اپنے ملک پر اعتماد ہے، اس لیے دشمن کو ہم سے ڈرنا چاہیے۔واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی حکام نے خبردار کیا تھاکہ روس یوکرین پر حملے کے لیے 70 فیصد فوجی تیاری مکمل کرچکا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق امریکی اہلکار وں نے انٹیلی جنس ذرائع کے حوالے سے بتایا تھا کہ روس یوکرین کی سرحد پر مزید جنگی سامان جمع کررہا ہے اور جس رفتار سے مزید روسی فوجی سرحد پر پہنچ رہے ہیں، فروری کے وسط تک ڈیڑھ لاکھ فوجی یوکرین کی سرحد پر جمع ہو سکتے ہیں۔ تاہم یوکرین نے روس کیجانب سے ملک پر حملے کے امریکی دعویٰ مسترد کردیا ہے۔