جنیوا(ر پورٹنگ آن لائن)امریکا اور روس کے حکومتی نمائندوں کے درمیان جنیوا میں یوکرائن کے تنازعے کو حل کرنے کے لیے مذاکرات کا آغاز ہوگیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس حوالے سے دونوں فریق مشکل مذاکرات کی توقع کر رہے ہیں۔ امریکا اور یورپی یونین کو اس بات پر تشویش ہے کہ روس ہمسایہ ملک یوکرائن پر حملہ کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ روسی حکومت اس الزام کو سختی سے مسترد کرتی ہے۔ روسی حکومت کے مطابق وہ مزید مشرقی یورپی ممالک کو نیٹو میں شمولیت سے روکنا چاہتی ہے۔ ماسکو حکومت خاص طور پر یہ نہیں چاہتی کہ یوکرائن نیٹو اتحاد کا رکن بنے۔
ادھرروس نے کہا کہ اگر امریکی حکام نے شروع ہونے والے مذاکرات کو سنجیدگی سے نہ لیا تو خطے میں امریکا کے لیے سکیورٹی کی صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔ روس نے امریکا سے مطالبہ کر رکھا ہے کہ وہ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے ساتھ مل کر مشرقی یورپی ملکوں میں میزائل نصب نہ کرے اور نیٹو کو مشرق کی جانب وسعت نہ دے۔ ماسکو نے اس حوالے سے مغربی ممالک سے سلامتی کی ضمانتیں طلب کر رکھی ہیں۔









