لاہور،(نیوز رپورٹر)احساس پروگرام کے تحت یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے 636 طلبہ کیلئے وظائف کی منظوری دیدی گئی۔ سکالرشپس یو ایچ ایس کے الحاق شدہ 19 کالجوں کے غریب طلبہ میں تقسیم کیے جائیں گے۔
ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے وظائف کی پہلی قسط کی مد میں 5 کروڑ 14 لاکھ روپے جاری کر دیے ہیں ۔ یہ وظائف چار اور پانچ سالہ انڈرگریجوئیٹ ڈگری پروگرامز میں داخل نادار طلبہ میں تقسیم کیے جائیں گے۔سکالرشپ کی مد میں طلبہ کو سو فیصد ٹیوشن فیس کے علاوہ ماہانہ اخراجات کیلئے بھی رقم فراہم کی جائیگی۔
ان وظائف میں سے 50 فیصد سکالرشپ لڑکیوں اور دو فیصد سپیشل طلبہ کیلئے مخصوص کیے گئے ہیں ۔ یو ایچ ایس کے جن 636 امیدواروں کو سکالرشپ دیے جائیں گے
ان میں علامہ اقبال میڈیکل کالج لاہور کے 34، امیر الدین میڈیکل کالج لاہور کے 21 طلبہ، آزاد جموں و کشمیر میڈیکل کالج مظفر آباد کے 24، سی پی ایم انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ملتان کے دو، ڈی جی خان میڈیکل کالج کے 48، ڈیمونٹ مورنسی کالج آف ڈنٹسٹری لاہور کے 8، گوجرانوالہ میڈیکل کالج کے 44، خواجہ محمد صفدر میڈیکل کالج سیالکوٹ کے 29، نشتر انسٹیٹیوٹ آف ڈنٹسٹری ملتان کے 22، قائد اعظم میڈیکل کالج بہاولپور کے 126، ساہیوال میڈیکل کالج کے 59، سروسز انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز لاہور کے 41، شیخ زید میڈیکل کالج رحیم یار خان کے 94، سکول آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز لاہور کے 49، پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور کے 9، شیخ خلیفہ بن زید النہیان میڈیکل کالج لاہور کے 13، پونچھ میڈیکل کالج راولاکوٹ کے 6، شیخا فاطمہ انسٹیٹیوٹ آف نرسنگ لاہور کے 3 طلبہ اور محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل کالج میرپور آزاد جموں و کشمیر کے ایک طالب علم شامل ہے۔
وظائف کی رقم رواں ہفتے متعلقہ کالجوں کو بھیج دی جائے گی جبکہ منتخب ہونے والے طلبہ اپنے اپنے کالجز سے وظائف کی رقم حاصل کرسکتے ہیں۔ اس حوالےسے وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم نے کہا کہ میرٹ پر طلبہ کا انتخاب کیا گیا ہے۔
کورس کے اختتام تک ان طلبہ کو وظائف دیے جائیں گے۔ اس موقع پر میرٹ کو یقینی بنانے پر وی سی یو ایچ ایس نے رجسٹرار ڈاکٹر اسد ظہیر اور پلاننگ آفیسر عادل نعیم کو شاباش دی۔









