سید یوسف رضا گیلانی 51

یوم پاکستان ہمیں آزادی کے عظیم مقصد اور اس کے حصول کے لیے دی جانے والی بے مثال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے ،چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے یومِ پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ ہماری قومی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل ہے جو ہمیں آزادی کے عظیم مقصد اور اس کے حصول کے لیے دی جانے والی بے مثال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔سینیٹ سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری پیغام میں انہوں نے کہا کہ 1940 کی تاریخی قرارداد نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک واضح منزل فراہم کی، جس کے نتیجے میں ایک آزاد اور خودمختار ریاست پاکستان کا قیام ممکن ہوا۔ یہ دن اس عہد کی تجدید کا تقاضا کرتا ہے کہ ہم اپنے اسلاف کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کا قیام لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں اور اجتماعی جدوجہد کا نتیجہ ہے۔

دو قومی نظریہ کی بنیاد پر برصغیر کے مسلمانوں نے اپنی مذہبی، سیاسی اور معاشی آزادی کے حصول کے لیے متحد ہو کر جدوجہد کی، جس کا ثمر ایک آزاد مملکت کی صورت میں سامنے آیا۔ انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح، ڈاکٹر علامہ محمد اقبال اور دیگر اکابرین کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان عظیم رہنماؤں کی قیادت اور بصیرت نے مسلمانوں کو ایک واضح سمت فراہم کی۔انہوں نے کہا کہ 23 مارچ 1940 کو لاہور میں پیش کی جانے والی تاریخی قرارداد نے مسلمانوں کے لیے ایک الگ وطن کے قیام کی بنیاد رکھی، جس کے نتیجے میں لاکھوں افراد نے اپنے جان و مال کی قربانیاں دے کر اس خواب کو حقیقت میں بدلا۔

سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے میں پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہیدذوالفقار علی بھٹو کی قیادت میں ملک نے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی، جس نے قومی دفاع کو نئی جہت دی۔ انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو نے بھی قومی سلامتی کے استحکام کے لیے اہم اقدامات کیے، جس کے نتیجے میں آج پاکستان ایک مضبوط دفاعی قوت کے طور پر دنیا میں اپنا مقام رکھتا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جرات اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان نے ہر مشکل گھڑی میں وطن عزیز کا دفاع یقینی بنایا ہے۔ انہوں نے شہدا کی قربانیوں کوخراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی عظیم قربانیاں قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ موجودہ چیلنجز کے باوجود پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ قومی یکجہتی، آئین کی بالادستی اور جمہوری اقدار کے فروغ کے ذریعے ملک کو مزید مضبوط اور مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔آخر میں چیئرمین سینیٹ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، ترقی اور خوشحالی عطا فرمائے اور ہمیں اتحاد و یگانگت کے ساتھ ایک مضبوط اور فلاحی ریاست کی تعمیر کی توفیق دے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں