اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے یومِ پاکستان کے تاریخی موقع پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 23 مارچ کا دن برصغیر کے مسلمانوں کی تاریخ میں ایک عظیم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ قراردادِ لاہور کے ذریعے ایک علیحدہ خود مختار اسلامی ریاست کی بنیاد رکھی گئی اور یہ دن ہمیں اپنے اکابرین کی بصیرت اور ان کی بے مثال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جن کی بدولت آج ہم ایک آزاد ریاست میں سانس لے رہے ہیں۔
اسپیکر نے زور دیا کہ یومِ پاکستان محض ایک جشن نہیں بلکہ بانیانِ پاکستان کے وژن کے مطابق ملک کو ایک مضبوط، مستحکم اور فلاحی ریاست بنانے کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں “اتحاد، ایمان اور تنظیم” کے سنہری اصولوں کو اپنا کر جمہوری استحکام اور قومی ترقی کے لیے مشترکہ جدوجہد کرنی ہوگی۔سردار ایاز صادق نے وطنِ عزیز کی حفاظت کے لیے جانیں نچھاور کرنے والے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے ملک کو درپیش دہشت گردی اور معاشی چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور سکیو رٹی ادارے ملک کے دفاع کے لیے ہمہ وقت سرگرم ہیں اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اپنی افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
اسپیکر نے کہا کہ قومی یکجہتی اور آئین کی بالادستی ہی ملک کی ترقی کی ضمانت ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے فلسطین اور کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور واضح کیا کہ پاکستان ہر عالمی فورم پر ان کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا۔ پیغام کے آخر میں اسپیکر نے ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔









