لاہور(ر پورٹنگ آن لائن) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ و جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا کہ 23مارچ تجدید عہد کا دن ہے اور آج کے دن بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے جس عزم و ہمت کے ساتھ ایک نئے وطن کے حصول کی جدوجہد کے ساتھ قرارداد منظور کی آج ایک مرتبہ پھر ضرورت اس امر کی ہے کہ تحریک پاکستان والا جذبہ دوبارہ پیدا کیا جائے اور معرض وطن کی ترقی، خوشحالی اور معاشی بحالی کیلئے اپنی تمام تر صلاحتیں بروئے کار لائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن طب کے پیشہ سے تعلق رکھنے والے تمام افراد کو بھی دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کرنے کے عزم کی طرف توجہ دلاتا ہے تاکہ وہ بطور ڈاکٹر، نرسز اٹھائے گئے اپنے حلف کی پاسداری کو مقدم رکھیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر لیلیٰ شفیق، ڈاکٹر عبدالعزیز و دیگر انتظامی ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔
پروفیسر الفرید ظفر نے ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈکس کو یوم پاکستان کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یوم قرار داد پاکستان،افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ طب سے وابستہ افراد کیلئے بھی ہے جو اس مشکل وقت میں اپنی قیمتی جانوں کی پروا کئے بغیر انسانیت کی خدمت کرنے میں مصروف عمل ہیں۔ جنرل ہسپتال میں ڈیوٹی پر موجود ملازمین سے گفتگو میں پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ 23مارچ کو ہمارے پیارے وطن کے نظریے کی بنیاد رکھی گئی تھی، یہ ملک آزادی کے علم کو ہمیشہ بلندیوں پر لہراتا رہے گا۔ خوشحالی اور کامیابیاں اس کے قدم چومیں گی اور یہ عالمی سطح پر اپنے وقار اور طاقت کو مزید تقویت دیتا رہے گا۔پروفیسر الفرید ظفرنے کہا کہ نسل نو کو قیام پاکستان کے مقاصد اور تحریک پاکستان کے بارے میں آگاہ کرنا ہماری ذمہ داری ہے تاکہ وہ آنے والے کل میں ملک کو روشن اور ترقی یافتہ بنانے میں اپنا کردار ادا رسکیں۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز ہمارے بزرگوں نے بے پناہ قربانیاں دے کر حاصل کیا ہے، 23مارچ ہمیں اس عزم پر مزید پختہ کرتا ہے کہ ہم اس دھرتی کی حفاظت اور ترقی کیلئے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔
223









