صادق سنجرانی 285

یوم عاشورہ ہمیں شہداء کربلا کی دین کی حفاظت و حرمت کے لئے عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے،صادق سنجرانی

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے یوم عاشورہ کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ یوم عاشورہ کا دن ہمیں اس عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے جو نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ ا ور ان کے ساتھیوں نے دین کی حفاظت و حرمت کے لئے پیش کی۔

حضرت امام حسین ؓکی عظیم قربانیوں سے ہمیں زندگی کے ہر شعبے میں رہنمائی ملتی ہے اور اگر نواسہ رسول کی جدوجہد کے ان پہلوؤں کو پیش نظر رکھ کر اپنے راستے کا تعین کیا جائے تو معاشرے کو جن مسائل کا سامنا ہے ان پر آسانی سے قابو پایا جا سکتا ہے انہوں نے کہاکہ واقعہ کربلا ہمیں اہم ترین سبق دیتا ہے کہ معاشرے اور ریاست کے معاملات چند افراد یا کسی گرو کی خواہشات کے تابع نہیں کیے جا سکتے کیونکہ ان امور کا براہ راست تعلق شرفِ انسانی، آزادی اور فلاح انسانیت کے عظیم مقاصد میں سے ہے جنہیں مذہب اسلام کے رہنما اصولوں کے تحت مشاورت اور اجتماعیت کے ذریعے حاصل کیا جا سکتا ہے۔

واقعہ کربلا کی عظیم قربانیاں ہمیں یہ بھی سکھاتی ہیں کہ انسان حق کو حق اور باطل کو باطل کہنے کا اپنے اندر حوصلہ پیدا کرے۔واقعہ کربلا ہمیں اعلیٰ مقاصد کے حصول کی خاطر ایثار و قربانی، صبر و استقامت کا درس دیتا ہے۔استقامت ِ حق کا حصول ہی وہ مشن ہے جس کے لئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جا سکتا یہی وہ عمل ہے جسے امام حسینؓنے اختیار کیا اورہمیں حق کی سربلندی کے لئے ڈٹ جانے کا پیغام دیا۔

آج کا دِن نواسہ رسول اور جگر گوشہ بتول کے عظیم افکار و اعمال اور ثابت قدمی کا دن ہے۔ چیرمین سینیٹ نے کہاکہ ہمیں محرم الحرام کے موقع پرحضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے عظیم خانوادے کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ یہ عہد بھی کرنا چاہیے کہ اپنے انفرادی اور اجتماعی معاملات خاندانِ رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سرانجام دیں گے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں