اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے انتخابات میں کامیاب ہونے والے عہدیداران کو مبارکباد پیش کی۔
چیئرمین سینیٹ نے سینیٹر سرمد علی کے بطور صدر، محترمہ ناز آفرین سہگل لاکھانی کے بطور سینئر نائب صدر، شہاب زبیری کے بطور نائب صدر، محمد اطہر قاضی کے بطور سیکرٹری جنرل، محسن بلال کے بطور جوائنٹ سیکرٹری اور نوید کاشف کے بطور فنانس سیکرٹری منتخب ہونے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کی نئی قیادت پر اراکین کا اعتماد اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ اخباری صنعت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نو منتخب ٹیم اخباری صنعت کو درپیش معاشی اور پیشہ ورانہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی اپنائے گی۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ذمہ دار اور باخبر میڈیا نہ صرف جمہوری اقدار کے فروغ کا ذریعہ بنتا ہے بلکہ قومی مکالمے کو مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمان آزادی صحافت کے تحفظ اور میڈیا کے ادارہ جاتی استحکام کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گی۔آخر میں چیئرمین سینیٹ نے نو منتخب قیادت کی کامیابی اور ملک میں معیاری صحافت کے فروغ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔








