اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان کے نامور اسٹنٹ مین سلطان گولڈن کو تیز ترین ریورس کار جمپ کا عالمی ریکارڈ بنانے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ سلطان گولڈن کی یہ غیر معمولی کامیابی نہ صرف ان کی ذاتی محنت، پیشہ ورانہ مہارت اور جرات مندی کا منہ بولتا ثبوت ہے بلکہ اس سے عالمی سطح پر پاکستان کا نام بھی روشن ہوا ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستانی نوجوان مختلف شعبہ جات میں عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں جو پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسی کامیابیاں ملک کے نوجوانوں کے لیے حوصلہ افزا ثابت ہوں گی اور انہیں مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کریں گی۔چیئرمین سینیٹ نے سلطان گولڈن کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ وہ آئندہ بھی اسی عزم، حوصلے اور لگن کے ساتھ مزید کامیابیاں حاصل کریں اور پاکستان کا نام دنیا بھر میں مزید بلند کریں۔









