سید یوسف رضا گیلانی 66

یوسف رضا گیلانی سے نو منتخب سینیٹر عابد شیر علی کی ملاقات، ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر گفتگو

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)قائم مقام صدرِ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی سے نو منتخب سینیٹر عابد شیر علی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال کے ساتھ ساتھ ایوانِ بالا کے امور اور قانون سازی کے عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے سینیٹر عابد شیر علی کو آج ایوانِ بالا کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھانے پر دلی مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ عابد شیر علی ایک منجھے ہوئے اور تجربہ کار سیاستدان ہیں، جن کی سینیٹ میں شمولیت سے نہ صرف ایوان کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی بلکہ قانون سازی کے عمل میں بھی ان کے وسیع تجربے سے بھرپور استفادہ کیا جا سکے گا۔

قائم مقام صدر نے اس امید کا اظہار کیا کہ سینیٹ عوامی مفاد میں مؤثر قانون سازی کے ذریعے جمہوری نظام کو مزید مضبوط بنائے گی۔اس موقع پر سینیٹر عابد شیر علی نے ایوانِ بالا کے امور نہایت احسن طریقے سے سرانجام دینے پر سید یوسف رضا گیلانی کو مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں سینیٹ کی بہتری کے لیے جو اقدامات کیے گئے ہیں وہ قابلِ تحسین ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امید ہے ایسی قانون سازی عمل میں لائی جائے گی جس سے ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا اور عام عوام کے معیارِ زندگی میں بھی مثبت تبدیلی دیکھنے میں آئے گی۔سینیٹر عابد شیر علی نے قائم مقام صدرِ پاکستان کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ملک و قوم کے مفاد میں مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔سینیٹر شیری رحمان اور سابق سینیٹر سردار یعقوب خان ناصر بھی اجلاس میں موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں