ترسیلات زر 262

یواے ای میں مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں 6.2 فیصداضافہ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کی طرف سے ترسیلات زرملک ارسال کرنے کی شرح میں جاری مالی سال کے پہلے چارمہینوں میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 6.2 فیصداضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے لیکراکتوبر2020 تک کی مدت میں متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں نے 1.924 ارب ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 6.2 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں متحدہ عرب امارات میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 1.812 ارب ڈالرکازرمبادلہ ملک بجھوایاتھا۔ اعدادوشمارکے مطابق اکتوبر2020 میں یواے ای میں مقیم پاکستانیوں نے 504.1 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیا، گزشتہ سال اکتوبرمیں یواے ای میں مقیم پاکستانیوں نے 494.3 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیا۔

حکومت کی جانب سے ترسیلات زر قانونی ذرائع سے ملک ارسال کرنے کے لئے ترغیبات و اقدامات کے نتیجہ میں جاری سال کے پہلے چارماہ میں سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر کی شرح میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 26.5 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ مالی سال کے پہلے چارماہ میں ترسیلات زر کی مد میں 9.431 ارب ڈالر کی ترسیلات زر ہوئی۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر کا حجم 7.591 ارب ڈالر ریکارڈ کیاگیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں