لاہور (رپورٹنگ آن لائن) ڈاکٹروں کی غیر قانونی ہڑتال کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (وائے ڈی اے)کے خلاف درخواست جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی طرف سے دائر کی گئی ۔درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں سستا علاج عوام کا بنیادی حق ہے لیکن ڈاکٹرز نے غیر قانونی طور پر ہڑتال کردی جس سے غریب مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
جوڈیشل ایکٹوازم پینل نے درخواست میں عدالت سے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی رجسٹریشن معطل کرنے کی بھی استدعا کردی ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں چلڈرن ہسپتال لاہور میں ڈاکٹر پر تشدد کے خلاف ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے صوبے بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈیز بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔









