بنجمن نیتن یاہو 41

یرغمالی رہانہ کئے تو غزہ کو جہنم بنادینگے،اسرائیلی وزیراعظم

تل ابیب ( رپورٹنگ آن لائن)اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے باور کرایا ہے کہ اگر غزہ میں زیر حراست تمام یرغمالیوں کو واپس نہ کیا گیا تو وہ وہاں جہنم کے دروازے کھول دیں گے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق انھوں نے یہ بات امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہی۔ نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ ہم ٹرمپ کے ساتھ ایک حکمت عملی رکھتے ہیں جس میں وہ وقت بھی متعین ہے جب غزہ پر جہنم کے دروازے کھول دیے جائیں گے اگر حماس نے ہمارے تمام یرغمالی رہا نہ کیے۔

اسرائیلی وزیر اعظم نے بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ بھرپور طریقے سے اسرائیل کو سپورٹ کر رہی ہے۔نیتن یاہو کے مطابق اسرائیل اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس غزہ کی پٹی کے مستقبل کے حوالے سے ایک مشترکہ حکمت عملی ہے۔ انھوں نے باور کرایا کہ حماس تنظیم کی عسکری صلاحیتوں کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔

نیتن یاہو نے روبیو کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم نے غزہ کے مستقبل کے لیے ٹرمپ کے دلیرانہ ویژن پر بات کی ہے، ہم اس ویژن کو یقینی بنانے کے لیے کام کریں گے۔ادھر مارکو روبیو نے اپنے بیان میں کہا کہ مشرق وسطی کے حوالے سے امریکی پالیسی ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے پر مرکوز ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایرانی حکومت کو اپنے عوام میں مقبولیت حاصل نہیں ہے۔ امریکا تہران پر دبا جاری رکھے گا تا کہ وہ عدم استحکام کا باعث بننے والی سرگرمیاں روک دے۔مارکو روبیو نے حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے اور لبنان میں استحکام کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔ روبیو نے ترجیح دی کہ ایسا لبنانی فوج کے ذریعے ہونا چاہیے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں