رضا زادہ 27

ہمیں رافیل گروسی اور ایٹمی ایجنسی پر اعتماد نہیں،ایران

تہران (رپورٹنگ آن لائن )ایران کی پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے رکن یعقوب رضا زادہ نے کہا ہے کہ تہران کو بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے سربراہ رافیل گروسی اور خود ایجنسی پر کوئی اعتماد نہیں۔

ایک بیان میں رضا زادہ نے کہا کہ ایران جوہری عدم پھیلائو کے معاہدے (این پی ٹی)کا رکن ہے اور ان قوانین کے تحت کسی بھی ملک کی ایٹمی تنصیبات پر حملہ غیر قانونی ہے، لیکن ایجنسی نے اپنی قانونی ذمہ داریوں کے برعکس اس بارے میں کوئی کارروائی نہیں کی۔انہوں نے مزید کہا کہ ایجنسی کے وہ معائنہ کار جنہوں نے ایرانی ایٹمی مراکز سے متعلق معلومات مغربی اداروں تک پہنچائیں، وہی دراصل امریکہ اور اسرائیل کے حملوں میں کلیدی کردار کے حامل ہیں۔

رضا زادہ کے مطابق ایرانی پارلیمان نے دو اسٹریٹجک قوانین منظور کیے ہیں، ایک پابندیاں ختم کرنے سے متعلق اور دوسرا ایٹمی توانائی ایجنسی کے ساتھ تعاون معطل کرنے کے بارے میں، جنہیں دو سو سے زائد اراکین نے منظور کیا، اور حکومت ان پر عملدرآمد کی پابند ہے۔انہوں نے وضاحت کی کہ تہران تعاون اسی صورت میں کرے گا جب اس کی ایٹمی تنصیبات اور سائنس دانوں کی سلامتی کی ضمانت دی جائے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ جب تک گروسی ایجنسی میں موجود ہیں، اس تعاون کا امکان کم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں