پشاور (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ ہمارے پارلیمنٹیرینز کو رہا کیا جائے، ایسے رویوں سے نفرتیں بڑھ رہی ہیں۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے کہا کہ اگر ہمارے پارلیمنٹیرینز کو جلد رہا نہیں کیا گیا تو گلگت بلتستان کی کٹھ پتلی حکومت اور جو وہاں پر جعلی حکومت بنانے کیلئے سرگرم ہیں اُن سے اپنے پارلیمینٹیرین کے ساتھ ناروا سلوک کے بارے میں سوال کرنے وہاں پر خود جاؤنگا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ یہ رویے پاکستان کو نقصان پہنچا رہے ہیں، ایسے رویوں سے نفرتیں بڑھ رہی ہیں، ایسے اقدامات تقسیم پیدا کرتے ہیں، جن کا کام عوامی مینڈیٹ کی حفاظت ہے وہ ہمیشہ پاکستانیوں کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالتے ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ الیکشن میں لیول پلینگ فیلڈ نہ دینے اور زور زبردستی، ظلم و جبر سے عمران خان صاحب کی پارٹی کو مائنس کرنے سے جمہوری نظام کو تباہ کیا جا رہا ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان میرے کال کا جواب نہیں دے رہے، یہ رویہ غیر جمہوری اور غیر سیاسی ہے، گلگت بلتستان کو ہم نو گو ایریا نہیں بننے دیں گے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ گلگت بلتستان غیرتمند لوگوں کا ہے، وہاں کے لوگ مہمان نواز ہیں، وہ اپنے مہمانوں کی اس بے عزتی کا بدلہ الیکشن میں ووٹ کے ذریعے لے گی، انشاءاللہ۔








